مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام مینارِ پاکستان کے سبزہ زار میں منعقدہ 43ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے امتِ واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین، صدر اور تمام منتظمین کو عظیم الشان کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ربیع القلوب کے روح پرور لمحات ہیں۔ حضور نبی اکرم (ص) روح و جانِ عالم ہیں، تاہم آپ (ص) کی ذاتِ اقدس اور کمالات کے بے شمار پہلو ابھی انسانی معرفت کے دائرے میں پوری طرح نہیں آئے۔ قرآنِ کریم میں آپ (ص) کے مختصر اوصاف بیان ہوئے ہیں، لیکن انسان جتنا آپ (ص) کی سیرت و صفات کی گہرائی میں اترتا جاتا ہے، اتنا ہی معرفت کے نئے دروازے کھلتے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم (ص) ہر انسان کے دکھ کو اپنا دکھ اور دوسروں کی خوشی کو اپنی خوشی سمجھتے تھے۔ آپ (ص) کی ذاتی اور انفرادی خصوصیات پر بہت کچھ لکھا اور بیان کیا گیا ہے، تاہم آپ (ص) کی اجتماعی خصوصیات کے حوالے سے ابھی بہت کچھ بیان کرنا باقی ہے۔
علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ حضور (ص) زمین پر اللہ تعالیٰ کی رحمت کا کامل مظہر ہیں اور آپ (ص)کی بعثت کے طفیل ہر مخلوق کو خیر و رحمت سے نوازا گیا۔ آپ (ص) نے معاشرے کے ہر فرد کے ساتھ اس طرح تعلق قائم کیا کہ آپ (ص) انسانی معاشرے کا لازمی حصہ محسوس ہوتے تھے اور زندگی کے تمام جائز وسائل سے استفادہ فرماتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ انسان کو اپنی حیثیت اور مقام پر غرور کے بجائے یہ سمجھنا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ نے جو مقام عطا فرمایا ہے، وہ اس کے فضل و کرم کا نتیجہ ہے۔ حضور (ص) کی سیرتِ طیبہ ہمیں شعور، انسانیت، ہدایت، محبت اور معاشرتی ذمہ داری کا درس دیتی ہے۔
سربراہ وحدتِ امت پاکستان نے کہا کہ آج کی یہ عظیم الشان میلاد کانفرنس امتِ مسلمہ کی نجات اور اتحاد کا ایک مؤثر ذریعہ ہے، جو لائقِ تحسین ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ اپنانے اور اپنی زندگیوں میں اس کے عملی تقاضوں کو اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
آپ کا تبصرہ