21 جنوری، 2026، 6:02 PM

ایران کے ساتھ جوہری اختلافات حل ہونے کی امید ہے، گروسی

ایران کے ساتھ جوہری اختلافات حل ہونے کی امید ہے، گروسی

بین الاقوامی جوہری ایجنسی کے سربراہ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری پروگرام پر موجود اختلافات حل ہوں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رفائل گروسی نے ایران کے ساتھ جاری جوہری تنازع پر امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ افزودہ یورینیم اور جوہری تنصیبات کے معائنے سے متعلق اختلافات ہمیشہ کے لیے نہیں چل سکتے اور امکان ہے کہ یہ مسئلہ آئندہ ایرانی کیلنڈر سال کے پہلے تین ماہ، یعنی مارچ سے جون 2026 کے دوران حل ہوجائے۔

ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایجنسی ایران کی 13 ایسی جوہری تنصیبات کا معائنہ کرچکی ہے جنہیں نشانہ نہیں بنایا گیا، تاہم وہ ان تین اہم تنصیبات کا معائنہ نہیں کرسکی جو جون میں امریکی اور اسرائیلی حملوں میں بمباری کا نشانہ بنیں۔ ان تنصیبات میں نطنز، فردو اور اصفہان شامل ہیں۔

آئی اے ای اے سربراہ کے مطابق، ایران کے ساتھ جوہری شفافیت، خاص طور پر زیادہ افزودہ یورینیم کے ذخائر اور متاثرہ تنصیبات کے معائنے سے متعلق مذاکرات تعطل کا شکار ہیں، لیکن یہ صورتحال مستقل نہیں رہ سکتی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ آئندہ چند دنوں یا ہفتوں میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کرنے والے ہیں۔

گروسی نے مزید کہا کہ اگرچہ آئی اے ای اے کی درجنوں رپورٹس ایران کے ساتھ تعاون کی نشاندہی کرتی ہیں، تاہم ایران این پی ٹی کے رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا پابند ہے۔ این پی ٹی کے رکن ممالک کے پاس یہ اختیار نہیں ہوتا کہ وہ بعض ذمہ داریاں قبول کریں اور بعض کو نظر انداز کر دیں، جبکہ ایران ماضی میں این پی ٹی سے بڑھ کر بعض وعدوں پر رضاکارانہ طور پر عمل بھی کرتا رہا ہے۔

News ID 1937811

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha