مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ترکی کی بائیں بازو کی سیاسی جماعت وطن پارٹی کے سربراہ دوغو پرینچک نے ایران، روس اور چین کے ساتھ اسٹریٹجک اتحاد کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی توسیع پسندانہ اور مداخلت پسندانہ پالیسیوں کا مؤثر مقابلہ صرف علاقائی اور عالمی سطح پر نئے اتحاد کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
روسی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں دوغو پرینچک نے کہا کہ ترکی، ایران، روس اور چین کا اتحاد ایک تاریخی قوت میں تبدیل ہوسکتا ہے، جو نہ صرف خطے بلکہ دنیا کو بڑی جنگوں سے محفوظ رکھنے میں کردار ادا کرے گا اور امریکی سامراجی اثر و رسوخ کو بھی روکے گا۔
وطن پارٹی کے رہنما کے مطابق ترکی کی سلامتی کی بنیاد مضبوط قومی قوتوں پر ہے۔ اندرونی اتحاد اور بیرونی اسٹریٹجک شراکت داری ہی ترکی کو درپیش چیلنجز کا حل ہے۔
واضح رہے کہ وطن پارٹی ترکی کی ایک قوم پرست اور بائیں بازو کی جماعت ہے جو کھلے عام امریکہ اور مغربی بلاک کی پالیسیوں کی مخالفت کرتی ہے۔
آپ کا تبصرہ