2 نومبر، 2025، 3:40 PM

ایران کی ایٹمی اور سائنسی ترقی کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی، صدر پزشکیان

ایران کی ایٹمی اور سائنسی ترقی کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی، صدر پزشکیان

صدر پزشکیان نے ایٹمی سائنسدانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران ریڈیو فارماسیوٹیکل اور جدید طبی ٹیکنالوجی میں نہ صرف خودکفیل ہوگا بلکہ عالمی سطح پر قائدانہ کردار بھی ادا کرے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایٹمی تنصیبات کو تباہ کرنے سے ایران کے عزم کو روکا نہیں جاسکتا، بلکہ ملک پرامن ایٹمی تنصیبات کو پہلے سے زیادہ طاقت اور عزم کے ساتھ دوبارہ تعمیر کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی ایٹمی توانائی ادارے کے دورے کے موقع پر صدر پزشکیان نے 12 روزہ مسلط جنگ کے شہداء اور ایٹمی سائنسدانوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ایٹمی ماہرین کی کوششیں دراصل ایک سائنسی جہاد اور قوم کی خدمت ہیں۔

انہوں نے تاکید کی کہ ریڈیو فارماسیوٹیکلز کی پیداوار اور جدید طبی ٹیکنالوجیز کی ترقی قومی ضرورت ہے جسے زیادہ تیزی اور عزم کے ساتھ آگے بڑھایا جانا چاہیے۔ ایران ریڈیو فارماسیوٹیکل پیداوار میں ایک مضبوط مقام رکھتا ہے اور عالمی طبی منڈی میں نمایاں کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

صدر نے کہا کہ ہمارے ملک کے لیے جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانا اور عالمی مقابلے میں شامل ہونا ناگزیر ہے۔ متکبر طاقتیں آزاد ممالک کو ان ٹیکنالوجیز تک رسائی سے محروم رکھنا چاہتی ہیں تاکہ وہ صرف پرزہ جات کی صنعتوں پر انحصار کریں، جبکہ وہی طاقتیں دوائیں مہنگے داموں فروخت کرتی ہیں۔

صدر نے ایک اسٹریٹجک منصوبہ بنانے پر زور دیا تاکہ ایران کا عالمی ریڈیو فارماسیوٹیکل مارکیٹ میں حصہ بڑھایا جاسکے۔ اگرچہ ملکی ضروریات پوری کرنا اولین ترجیح ہے، لیکن برآمدات اور پیشہ ورانہ مارکیٹنگ کو بھی فروغ دینا ہوگا۔ ہمارہ مصنوعات کا معیار، تاثیر اور کم قیمت ایران کو اس میدان میں قائد بنا دے گی۔

صدر پزشکیان نے مزید کہا کہ ایرانی سائنسدانوں کے خلاف دشمنی اور ان کی ٹارگٹ کلنگ اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ بڑی طاقتیں ایران کی سائنسی و تکنیکی خودمختاری سے خوفزدہ ہیں۔  

انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایران کا ایٹمی ہتھیار بنانے کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے اور عالمی طاقتیں اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں۔ یہ طاقتیں ایران کی ترقی کو روکنے کے لیے اس جھوٹے دعوے کو بہانہ بناتی ہیں لیکن ایران کو ترقی سے روکنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

News ID 1936259

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha