مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ جب اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی قائم ہو، تو امریکہ اور صہیونی رژیم کی سازشیں ملتوں کے خلاف کامیاب نہیں ہوسکتیں۔
تفصیلات کے مطابق، عراقی قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی اور ان کے وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے تہران اور بغداد کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
صدر نے دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطحی تعلقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور عراق کے تعلقات ممتاز سطح پر ہیں، اور ان تعلقات کو مزید وسعت دینا نہ صرف دوطرفہ سطح پر بلکہ دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ بھی سیکیورٹی، اقتصادی، علمی اور ثقافتی تعاون کو فروغ دے سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی وفود کا تبادلہ اور حکام کی مسلسل آمد و رفت، باہمی تفاهم اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر مشترکہ نقطہ نظر کے قیام میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
صدر نے اسلامی دنیا کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا امریکہ اور صہیونی حکومت کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ امت مسلمہ کی عزت اور سربلندی کا راز، برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرنے اور دشمنوں کی پیدا کردہ داخلی اختلافات سے اجتناب میں ہے۔
انہوں نے ایران اور عراق کے درمیان ریلوے نیٹ ورک کے رابطے کو تعاون کا ایک اہم محور قرار دیا اور کہا کہ اس منصوبے پر عراق کی جانب سے تیزی سے عمل درآمد، تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط کرے گا اور خطے کے ممالک کو آپس میں جوڑنے کا ذریعہ بنے گا۔
صدر پزشکیان نے مزید کہا کہ اس ریلوے نیٹ ورک کی تکمیل اور مشترکہ آزاد تجارتی زونز کے قیام سے تاجروں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، جو خطے میں سلامتی اور اقتصادی ترقی کا باعث بنے گا۔
ملاقات کے دوران عراق کے قومی سلامتی مشیر قاسم الاعرجی نے صدر ایران سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور عراق کی سلامتی ایک دوسرے سے جدا نہیں کی جاسکتی۔ عراق کی حکومت ایران کے ساتھ سیکیورٹی معاہدے پر مکمل طور پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عراق کے وزیراعظم اور کردستان کے حکام کی نظر میں ایران اور عراق کی سرحدیں خطے کی سب سے محفوظ سرحدیں ہونی چاہئیں، اور اس جانب سے ایران کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔
آپ کا تبصرہ