21 اکتوبر، 2025، 10:10 AM

جنگ بندی معاہدے کو خطرے میں نہیں ڈالیں، ٹرمپ کا نتنیاہو کو دو ٹوک پیغام

جنگ بندی معاہدے کو خطرے میں نہیں ڈالیں، ٹرمپ کا نتنیاہو کو دو ٹوک پیغام

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غاصب اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نتنیاہو کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ ایسے اقدامات سے باز رہیں جن سے جنگ بندی معاہدہ خطرے میں پڑ جائے۔ 

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خصوصی ایلچیوں کے ذریعے غاصب اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نتنیاہو کو ایک دوٹوک پیغام دیا ہے کہ وہ جنگ بندی معاہدے کو خطرے میں نہ ڈالیں۔

فلسطینی خبر ایجنسی معا کے مطابق، ٹرمپ کے داماد جیرڈ کوشنر اور ان کے قریبی ساتھی اسٹیو وٹکاف، جو اس وقت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں موجود ہیں، نے ایک طویل ملاقات میں نتنیاہو اور صہیونی وزیر ران درمر کو امریکی صدر کا پیغام پہنچایا۔

ذرائع کے مطابق یہ پیغام انتہائی واضح اور سنجیدہ تھا، جس میں خبردار کیا گیا کہ اسرائیلی اقدامات کی وجہ سے جنگ بندی متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ دونوں امریکی ایلچیوں نے دعویٰ کیا کہ وہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے تک پہنچنے کے لیے تمام تر کوششیں کر رہے ہیں۔

دوسری جانب نتنیاہو نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل جنگ بندی کے معاہدے پر عمل کر رہا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ معاہدے کے نفاذ کے باوجود اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی میں کم از کم 100 مقامات پر بمباری کی ہے۔

گزشتہ شب نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے اندر یہ خدشہ بڑھ رہا ہے کہ نتنیاہو جنگ بندی سے پیچھے ہٹ سکتے ہیں۔

اخبار کے مطابق، وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ صدر ٹرمپ فی الحال سمجھتے ہیں کہ حماس کے رہنما مذاکرات کے تسلسل کے لیے نیک نیتی کے ساتھ تیار ہیں۔

News ID 1936045

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha