مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں صہیونی کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کونسل کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے غزہ میں جاری واقعات کو کھلی نسل کشی قرار دیا۔
اسپین کے وزیرِاعظم کی جانب سے اسرائیل پر کھیلوں میں بائیکاٹ کی اپیل اور اس پر اسرائیلی وزیرِخارجہ کے ردعمل کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر بقائی نے کہا کہ اسرائیلی کھلاڑیوں پر پابندی ایک جائز اور منطقی مطالبہ ہے۔
انہوں نے اس امر کی بھی نشاندہی کی کہ صہیونی حکومت کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق تقریبا 800 فلسطینی کھلاڑی شہید کیے گئے ہیں، جن میں سے 70 فیصد فٹبالرز تھے۔ اتنے وسیع پیمانے پر کھلاڑیوں کے قتل عام کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ایران اس نوعیت کی عالمی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اسے انصاف کے قیام کے لیے بڑھتے ہوئے عالمی مطالبے کا تسلسل قرار دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اس مقصد کے لیے ہم خیال ممالک کے ساتھ قریبی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی اپنائے گا۔
آپ کا تبصرہ