مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برطانوی بحری تجارتی آپریشنز کے ادارے نے خبر دی ہے کہ بحیرہ احمر میں ایک جہاز کے قریب دھماکے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، برطانوی ادارے نے بتایا کہ انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ ایک نامعلوم شے جہاز کے قریب گرنے اور دھماکے کا سبب بنی ہے۔ جہاز کا کپتان جنوبی مغربی ینبع کے نزدیک شدید دھماکے کی اطلاع دے چکا ہے۔
برطانوی ادارے کے مطابق، جہاز کا تمام عملہ محفوظ ہے، جہاز کا سفر جاری ہے، اور متعلقہ حکام اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
برطانوی سیکیورٹی کمپنی اس حوالے سے کہا کہ حادثے کا شکار جہاز اسرائیل کا تھا، جو لائبیریا کے پرچم کے ساتھ حرکت کر رہا تھا۔ واقعہ جنوب مغربی ینبع میں پیش آیا۔
ابھی تک دھماکے کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ بندرگاہ ینبع تقریبا 800 کلومیٹر یمن کے ساحل سے دور ہے، اور یہاں سے روانہ ہونے والے زیادہ تر جہاز تیل بردار جہاز ہوتے ہیں۔
یمن کی فوج نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ جب تک غزہ میں نسل کشی اور قحط کی صورتحال برقرار ہے، سمندری راستے محفوظ نہیں رہیں گے اور یہ صورتحال اسرائیلی محاصرے اور جارحیت کے اختتام تک جاری رہے گی۔
آپ کا تبصرہ