مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عزیز ناصرزادہ نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج دشمن کی ہر نقل و حرکت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور امریکہ و اسرائیل کی کسی بھی نئی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے جنوبی افریقہ کی نیشنل ڈیفنس فورس کے سربراہ جنرل ردزانی مافوانیا کی قیادت میں تہران آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف جارحیت کی مذمت میں جنوبی افریقی حکومت کے مؤقف کو سراہا اور غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں مقدمے کو بھی قابل قدر قرار دیا۔
انہوں نے حالیہ جارحیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران نے اپنے جائز دفاعی حق کے تحت اس جارحیت کا فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا، جس کے بعد دشمن نے ثالثوں کے ذریعے جنگ بندی کی درخواست کی۔ ہم نے بھی بحران کو مزید پھیلانے سے روکنے کے لیے جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی۔ تاہم ہم دشمن کی ہر ممکنہ مہم جوئی پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی نئے حملے کی صورت میں جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہیں۔
ملاقات کے دوران جنوبی افریقی جنرل مافوانیا نے کہا کہ عالمی ناانصافی اور امتیازی سلوک کے خلاف جدوجہد میں ایران اور جنوبی افریقہ مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔
انہوں نے خطے میں ایران کی اسٹریٹجک اور جیو پولیٹیکل اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ پر زور دیا۔
آپ کا تبصرہ