مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر قبضے کی کوشش کو سخت ترین الفاظ میں مسترد کردیا ہے۔
ولی عہد محمد بن سلمان کی صدارت میں ہونے والے سعودی کابینہ کے اجلاس میں اسرائیلی حکومت کے مظالم، بھوک کے ذریعے اجتماعی سزا، وحشیانہ اقدامات اور نسل کشی کی پالیسیوں کی شدید مذمت کی گئی۔
سعودی کابینہ نے خبردار کیا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مسلسل ناکامی، اسرائیلی مظالم کو روکنے میں بین الاقوامی نظام، قانون کی حکمرانی اور عالمی امن و سلامتی کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں نسل کشی، جبری بے دخلی اور انسانی بحران میں مزید شدت آرہی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے اس حوالے سے کہا کہ فلسطینی عوام اس سرزمین کے حقیقی مالک ہیں، اور بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصول ان کے حقوق کی ضمانت دیتے ہیں۔
سعودی عرب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جرائم کو روکنے کے لیے مضبوط اور مؤثر موقف اختیار کرے۔
آپ کا تبصرہ