مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ ایگنازیو کاسیس سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے بعض یورپی ممالک کی جانب سے صہیونی حکومت اور امریکہ کی جارحیت کی حمایت پر شدید تنقید کی اور متنبہ کیا کہ اس طرز عمل سے نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کو جواز ملتا ہے بلکہ یہ دنیا بھر میں عدم تحفظ اور بدامنی کے پھیلاؤ کا باعث بھی بنتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے گفتگو کے دوران خطے کی تازہ صورت حال اور دو طرفہ تعلقات کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
عراقچی نے اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف کیے گئے فوجی حملوں اور اقوام متحدہ کے منشور و بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک کو چاہیے کہ وہ ایسی قانون شکنی کی واضح طور پر مذمت کریں اور ان جارح ممالک سے جواب طلب کریں۔
اس موقع پر سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ نے سفارت کاری کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ بین الاقوامی ضوابط کے منافی ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کشیدگی اور بدامنی میں اضافے کو روکنے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھنا ناگزیر ہے۔
آپ کا تبصرہ