مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے نائب سربراہ اس ہفتے ایران کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ایرانی ایٹمی ادارے کے اعلی حکام سے ملاقات کریں گے۔
بقائی نے مزید کہا کہ ہماری پالیسی ہمیشہ یہ رہی ہے کہ ایجنسی سے اپنے وعدوں کی بنیاد پر تعمیری اور شفاف تعلقات رکھیں۔ ہمیں امید ہے کہ ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل اپنے فرائض انجام دیتے وقت کسی تیسرے فریق کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ کیونکہ ایجنسی کا مؤقف اور رویہ مذاکراتی فضا پر گہرا اثر ڈال سکتا ہے۔
ترجمان نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جرائم پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی اطلاعات حقیقت پر مبنی معلوم ہوتی ہیں۔ یہ کئی سالوں سے جاری جرائم کا حصہ ہے۔ ایسے اقدامات بین الاقوامی قوانین، خصوصا جنیوا کنونشنز کے مطابق جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔ بین الاقوامی فوجداری عدالت اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی ذمہ داری ہے کہ ان جرائم کو دستاویزی شکل دے کر قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔
آپ کا تبصرہ