مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، تل ابیب میں واقع امریکی سفارت خانے پر حملے کی کوشش کی گئی ہے جس کے الزام میں ایک امریکی شہری کو گرفتار کیا گیا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ژوزف نویمایر نامی ایک دوہری شہریت رکھنے والے شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔ نوئمایر پر الزام ہے کہ اس نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں موجود امریکی سفارت خانے پر آتش گیر بم سے حملے کی کوشش کی تھی۔
صہیونی حکام نے نویمایر کو ہفتے کے روز نیویارک ڈی پورٹ کردیا، جہاں وہ اتوار کے دن بروکلین کی وفاقی عدالت میں پیش ہوا اور اس کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا گیا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق، 19 مئی کو نویمایر ایک کمر پر لٹکنے والے بیگ میں آتشگیر بم لے کر سفارت خانے کے قریب پہنچا، تاہم سیکیورٹی گارڈ سے ہاتھ پائی کے بعد فرار ہوگیا اور تعاقب کے دوران اپنا بیگ چھوڑ گیا۔
تحقیقات کے مطابق، امریکی سیکیورٹی اداروں نے اسے سفارت خانے کے قریب واقع ایک ہوٹل میں ٹریس کرکے گرفتار کیا۔
امریکی اٹارنی جنرل نے ایک بیان میں کہا ہے ملزم پر الزام ہے کہ وہ اسرائیل میں ہمارے سفارت خانے پر ایک تباہ کن حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، جس سے امریکیوں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جان کو خطرہ لاحق تھا۔
آپ کا تبصرہ