مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر مواصلات و ٹیکنالوجی سید ستار ہاشمی نے سربیا کے صدر سے ملاقات کے دوران مواصلات، جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون پر زور دیا۔
وزیر مواصلات نے کہا کہ ایران اور سربیا کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں اور آج کا دن ایک سنہری موقع ہے کہ ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی، مواصلاتی نظام اور مصنوعی ذہانت جیسے شعبوں میں اپنے تعاون کو مزید مضبوط کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران سائبر سیکیورٹی، ای-گورنمنٹ، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ڈیٹا ٹرانسفر اور دیگر متعلقہ شعبوں میں تعاون کو اعلی ترین سطح تک بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
وزیر مواصلات و ٹیکنالوجی نے کہا کہ ہم مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی اور دیگر تکنیکی شعبوں میں ماہر افرادی قوت کی تربیت اور تجربات کے تبادلے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ تکنیکی مہارتوں کے اشتراک، مشترکہ اجلاسوں کے انعقاد، اور دوطرفہ تعاون کے ذریعے ہم دونوں ممالک کی پائیدار ترقی کے امکانات کو عملی جامہ پہنا سکتے ہیں۔
سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچیچ نے ملاقات کے دوران کہا کہ ایران ایشیا اور مشرق وسطی میں ایک بااثر اور اہم ملک ہے۔ سربیا تہران کے ساتھ تمام شعبوں، بالخصوص مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں تعلقات کے فروغ کا خیر مقدم کرتا ہے۔
صدر ووچیچ نے مزید کہا کہ میں نے اپنے وزیر برائے مواصلات اور ٹیلی کمیونیکیشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایران کے ساتھ ڈیٹا ٹرانسفر جیسے شعبوں میں تعاون کو یقینی بنائیں۔
آپ کا تبصرہ