11 جولائی، 2023، 11:16 AM

روس اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کا دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق

روس اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کا دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق

ماسکو اور خلیج فارس تعاون کونسل کے ممالک کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات کے چھٹے دور کے موقع پر روس اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

مہر خبررساں ایجنسی نے اسپوتنک کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اپنے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ملاقات کے دوران روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے مختلف شعبوں بالخصوص اوپیک کے فریم ورک کے اندر دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کے جاری رہنے پر تاکید کی۔

اس ملاقات میں فریقین نے روس اور سعودی عرب کے درمیان دوستانہ تعلقات میں بتدریج توسیع اور مشترکہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے سمیت ماضی میں طے پانے والے معاہدوں کے عملی نفاذ پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

انہوں نے اوپیک میں تعمیری تعاون پر خصوصی توجہ جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ روس اور سعودی عرب کے درمیان ثقافتی اور انسانی تعلقات کو وسعت دینے کا بھی اعلان کیا۔ روس اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے خطے اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ 

فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی سطح پر تمام متعلقہ فریقوں کے جائز مفادات اور قانونی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقائی بحرانوں کو سفارتی اور سیاسی ذرائع سے حل کرنے کے بارے میں سعودی عرب اور روس کے خیالات ایک دوسرے کے قریب ہیں۔

یہ ملاقات ماسکو میں روس اور خلیج فارس تعاون کونسل کے ممالک کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات کے چھٹے دور کے موقع پر منعقد ہوئی۔

اس اجلاس میں تعاون کونسل کے چھ رکن ممالک سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور عمان کے وزرائے خارجہ کے علاوہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے شرکت کی۔

ملاقات میں خلیج فارس تعاون کونسل کے ممالک اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے علاوہ دونوں فریقوں کے مفاد کے مختلف شعبوں بالخصوص اقتصادی، سرمایہ کاری، تجارتی اور سیاحت کے میدان میں مشترکہ تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  واضح رہے کہ روس اور خلیج فارس تعاون کونسل کے ممالک کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات کا پہلا دور 2017 میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوا تھا۔

News ID 1917732

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha