مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کوضابطہ کے مطابق قرار دے دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد اور ریکوزیشن پر اراکین کے دستخطوں کی تصدیق کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ قومی اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریکوزیشن اور تحریک عدم اعتماد پر کسی بھی رکن کے دستخط مشکوک یا رول آف سائن کے خلاف نہیں نکلے، جس کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ضابطہ کے مطابق قرار دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی شعبہ قانون سازی نے تمام ضوابط پورے کرنے کے بعد فائل اسپیکر کو بھجوا دی ہے، اور ساتھ ہی اسپیکر قومی اسمبلی کو 22 مارچ سے قبل کسی بھی دن اجلاس بلانے کی تجویزدے دی گئی ہے۔
ذرائع قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ اجلاس بلانا ایک آئینی تقاضا ہے جس سے انحراف نہیں کیا جاسکتا، پہلا مرحلہ ریکوزیشن پر دستخطوں کی تصدیق اور دوسرا عدم اعتماد کی تحریک پر دستخطوں کی تصدیق کا تھا، دونوں مراحل مکمل ہونے اور تحریک کے ضابطہ کے مطابق ہونے کا جائزہ لیا گیا ہے۔
آپ کا تبصرہ