مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجما ن سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ 234 بیلٹ بکسوں کے ذریعہ 133 ممالک میں مقیم ایرانی شہری ایران کے تیرہویں صدارتی انتخابات میں حصہ لیں گے۔
سعید خطیب زادہ نے بیرون ملک تیرہویں صدارتی انتخابات کے انعقاد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیگر ممالک میں غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ساڑھے تین ملین ایرانی شہری انتخابات میں اپنا ووٹ ڈالنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بیرون ملک انتخابات کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ سعید خطیب زادہ نے کہا کہ گارڈین کونسل کے تعاون سے 200 افراد کو انتخابات پر نگرانی کے سلسلے میں بیرون ملک ایرانی سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں روانہ کردیا گیا ہے۔ خطیب زادہ نے کہا کہ مختلف ممالک میں 204 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔جہاں ایرانی شہری اپنا ووٹ استعمال کرسکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ صرف تین ممالک میں مقیم ایرانی اپنا ووٹ نہیں ڈال سکیں گے جن میں کینیڈا ، سنگآپور اور یمن شامل ہیں۔ کینیڈا نے انتخابات کے سلسلے میں تعاون پیش کرنے سے انکار کردیا جبکہ سنگا پور نے کورونا پروٹوکول کی وجہ سے اجازت نہیں دی اور یمن میں جنگ کی وجہ سے ایرانی شہری ووٹنگ میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔ خطیب زادہ نے کہا کہ ہم نے امریکہ اور کینیڈا کی سرحد پر ووٹ لینے کا انتظام کیا ہے تاکہ کینیڈا میں مقیم ایرانی شہری اپنا ووٹ سرحد پر پہنچ کر ڈال سکیں۔
اطلاعات کے مطابق بھارت میں مقیم ایرانیوں کے لیے دہلی، بمبئی ، حیدرآباد، بنگلور، پونہ اور راجہ مندری میں پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں ، جبکہ پاکستان میں بھی صدارتی انتخابات میں ایرانی شہریوں کے ووٹ ڈالنے کے لئے دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ لاہور، کراچی ، کوئٹہ ،پشاور اور ملتان میں پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بھارت اور پاکستان میں مقیم ایرانی شہریوں نے ایران کے تیرہویں صدارتی انتخابات میں بھر پور شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ ایران کے تیرہویں صدارتی انتخابات کل بروز جمعہ 18 جون کو منعقد ہوں گے جن میں ملک کے اندر اور ملک سے باہر ایرانی شہری بڑے پیمانے پرحصہ لیں گے۔
آپ کا تبصرہ