17 جون، 2021، 1:09 PM

تحریکِ عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا حق ہے

تحریکِ عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا حق ہے

پاکستان قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کا کہنا ہے کہ میرے اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا حق ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا حق ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں رونما ہونے والے واقعات قابلِ افسوس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعات جمہوریت کے لیے نیک شگون نہیں، کوشش ہے کہ قواعد کے مطابق اجلاس چلے، اختلافِ رائے کا حق ہر ایک کو حاصل ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اور حکومت کو میز پر بٹھانے کے لیے کوشاں ہوں، فریقین پارلیمنٹ کے تقدس کا خیال رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں بہتری اور خرابی کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے، ارکان کے خلاف جو کارروائی کی اس پر بھی اعتراض کیا گیا۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کا پریس کانفرنس میں کہنا ہے کہ میرے پاس صرف اخلاقی طاقت ہے، کسی کو اٹھا کر پھینکنے کا اختیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری ذمہ داری ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کو ایوان میں برابر کا موقع دوں، ایوان میں حکومت اور اپوزیشن سب کو بولنے کا موقع دیتا بھی ہوں۔

اسد قیصر کا کہنا ہے کہ میں نے ان چیزوں پر ایکشن لیا جب میں خود اجلاس چلا رہا تھا، کل میں نے وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی، جس کے بعد میں نے شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری سے بھی بات کی۔

ان کا کہنا ہے کہ میں اس وقت بھی اپوزیشن رہنماؤں سے رابطے میں ہوں، میں چاہتا ہوں کہ سب لوگ مل کر رولز کے ساتھ ایوان کو چلائیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میرا استعفیٰ اپوزیشن کی خواہش ہے، جبکہ ایوان نے مجھے ہاؤس چلانے کا مینڈیٹ دیا ہے، میں اپنے مینڈیٹ کے مطابق اپنا کام کرتا رہوں گا۔

News Code 1906978

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha