مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی سپریم کورٹ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا تحریری حکم جاری کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سپریم کورٹ نے مسلسل غیر حاضری پر سابق وزیر داخلہ اسحاق ڈار کو عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ سابق وزیر خزانہ اور اُن کے اہل خانہ کی غیر موجودگی کے باعث عدالتی حکم نامے کو لاہور میں اسحاق ڈار کی مستقل رہائش گاہ پر چسپاں کردیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے حکم نامے میں اٹارنی جنرل اور سیکرٹری داخلہ کو سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل اور سیکرٹری داخلہ سے اسحاق ڈار کی برطانیہ سے واپسی کے لیے ممکنہ اقدامات جیسے پاسپورٹ کی منسوخی اور انٹرپول کے ذریعے گرفتاری کے لیے رائے طلب کی ہے۔ واضح رہے کہ سابق وزیر خزانہ برطانیہ میں مقیم ہیں ۔
آپ کا تبصرہ