مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین حسن روحانی نے شام کے صدر بشار اسد سے ٹیلیفون پر گفتگو میں شام پر امریکی حملے کو دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں ایرانی عوام اور حکومت ، شامی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ صدر حسن روحانی نے امریکی میزائل حملے کی شدید مذمت اور اسے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قراردیتے ہوئے کہا کہ امریکہ عالمی سطح پر بد امنی ، بدنظمی اور دہشت گردی کوفروغ دے رہا ہے۔
صدر حسن روحانی نے شام پر امریکی حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران شام کی ارضی سالمیت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامی عوام اور حکومت کی حمایت جاری رکھےگا۔
صدر حسن روحانی نے شام کے شعیرات ایئر بیس پر امریکی میزائل حملے کو دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی قراردیتے ہوئے کہا کہ دنیا اچھی طرح جانتی ہے کہ امریکہ دہشت گردوں اور اسرائیل و سعودی عرب جیسی سفاک حکومتوں کا اصلی حامی ہے۔
اس گفتگو میں صدر بشار اسد نے ایران کی بے لوث حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ شام میں شکست خوردہ وہابی دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کررہا ہے لیکن امریکہ اور اس کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کی شکست یقینی ہے۔
آپ کا تبصرہ