مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ چین میں تمباکو نوشی پر عائد پابندی کے قوانین میں مزید سختی کرتے ہوئے جرمانے کی رقم میں 20 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جب کہ قوانین کی بار بار خلاف ورزی کرنے والے شخص کا نام سرکاری ویب سائٹس پر بھی شائع کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق تمباکو نوشی کے خلاف قانون کے تحت عوامی مقامات ، دفاتر، پبلک ٹرانسپورٹ اور ہوٹل وغیرہ میں تمباکو نوشی کی سختی سے ممانعت ہے اور خلاف ورزی پر 32 امریکی ڈالر جرمانہ ہوسکتا ہے جو اس سے قبل 2011 میں صرف ایک ڈالر تھا جب کہ اگر کسی شخص کی جانب سے قانون کی تین مرتبہ خلاف ورزی کی جائے گی تو اس کا نام سرکاری ویب سائٹ پر بھی جاری کیا جائے گا۔
انسداد تمباکو نوشی کے لیے پہلے مرحلے میں پابندی کا اطلاق دارالحکومت بیجنگ میں کیا گیا ہے جس کے تحت تقریباً ایک ہزار اہلکاروں پر مشتمل خصوصی دستہ بھی تشکیل دیا گیا ہے جو ریسٹورینٹ میں سگریٹ کی راکھ بھی تلاش کریں گے اور تمباکو نوشی ثابت ہونے پر سخت کارروائی کریں گے۔
آپ کا تبصرہ