مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط کا کہنا ہے کہ سیکرٹری خارجہ ملاقات منسوخ کرنا انتہائی افسوسناک ہے ہم نہیں چاہتے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کا عمل پٹری سے اترے۔ نئی دلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر پاکستان اور بھارت دونوں کا مسئلہ ہے، حریت پسند کشمیر ی رہنماؤں سے ملاقاتیں کوئی نئی بات نہیں ہے، اس سے قبل بھی کشمیری رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوتی رہیں ہیں لیکن بھارت کی جانب سے ان ملاقاتوں کا جواز بنا کر سیکرٹری خارجہ ملاقات کو منسوخ کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ سفارت کاری میں کبھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے جاتے، پر امید ہوں کہ دونوں ممالک کے درمیان تمام معاملات جلد پر امن طریقے سے حل ہو جائیں گے۔ دونوں ممالک کو مقبوضہ کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل پر امن طریقے سے بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیئے۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ جولائی سے اب تک بھارت 57 مرتبہ سرحدی حدود کی خلاف ورزی کر چکا ہے لیکن اس کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ بھارت کے ساتھ تمام مسائل کا حل پر امن طریقے سے نکالا جائے اسی میں دونوں ممالک کی بہتری ہے۔ انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا موقف واضح ہے اور اس حوالے سے متعدد بیانات بھی جاری کئے جا چکے ہیں کہ پاکستان اور کشمیر کو شامل کئے بغیر مسئلے کا حل نہیں نکالا جا سکتا، دونوں ممالک مل کر کام کریں گے تو تمام چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت نے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی حریت پسند رہنماؤں سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں 25 اگست کو ہونے والی سیکرٹری خارجہ ملاقات منسوخ کردی تھی۔
مہر نیوز/20 اگست / 2014 ء : بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط کا کہنا ہے کہ سیکرٹری خارجہ ملاقات منسوخ کرنا انتہائی افسوسناک ہے ہم نہیں چاہتے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کا عمل پٹری سے اترے۔
News ID 1839618
آپ کا تبصرہ