مہرخبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہہندوستان کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں مرغیوں میں برڈ فلو کے وائرس پائے جانے کے بعد دارالحکومت اِمپھال میں مرغیوں کو ہلاک کرنے کا کام شروع کر دیا گيا ہے۔ریاستی حکام کے مطابق آئندہ ایک ہفتے میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد مرغیوں کو ہلاک کردیا جائے گا۔ امپھال کے نواح میں برڈ فلو پھیلانے والے وائرس H5N1 کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے اور اس وائرس کی موجودگی کے سبب علاقہ میں 133 مرغیاں مرگئی ہیں۔حکام کا کہنا ہے اب تک اس وائرس سے سب سے زيادہ اِمپھال کے نزدیک چنگمیرونگ کا علاقہ متا ثر ہوا ہے اور اسی علاقے کے پانچ کلومیٹر کے دائرے میں خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔منی پور میں مویشی پروری کے محکمہ کے ڈائریکٹر ٹی ايچ دھوریندر نے بتایا ہے کہ مرغیوں کے خون کے نمونے بھوپال میں واقع فیڈرل ٹیسٹنگ لیبارٹری بھیجے گئے تھے جہاں برڈ فلو کی تصدیق ہوگئی ہے۔
آپ کا تبصرہ