مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران کے عدالتی ادارے نے اعلان کیا کہ فرانس کی جانب سے غیر قانونی اور سفارتی اصولوں سے ہٹ کر سرگرمیوں اور اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے، اس سفارتخانے سے وابستہ ایک غیر قانونی مرکز غیر ملکی زبان کی تعلیم کے نام پر سرگرم تھا۔
ملکی قوانین و ضوابط کے مطابق سرگرمیوں کی اجازت حاصل کرنے کے لیے قانونی اداروں کی جانب سے متعدد بار انتباہ کیے جانے کے باوجود، اس مرکز نے اجازت نامہ حاصل کرنے سے گریز کیا اور عملاً ملکی قوانین کی بے حرمتی کی۔
اس بنا پر تہران کے ایک دفتر استغاثہ کے عدالتی حکم پر فرانسیسی سفارتخانے سے وابستہ غیر قانونی مرکز، جسے CLF کے نام سے جانا جاتا ہے اور جو گزشتہ کئی برسوں سے زبان کی تعلیم کے نام پر سرگرم تھا، سیل کر دیا گیا۔
استغاثہ کے مطابق، اس مرکز نے زبان سکھانے کے عنوان کا غلط استعمال کرتے ہوئے ایرانی اسلامی ثقافت کے خلاف اور قومی سلامتی کے منافی منصوبوں پر عمل کیا، جبکہ ملک کے باصلاحیت افراد کی شناخت، نیٹ ورکنگ اور انہیں ملک سے باہر جانے میں سہولت فراہم کرنے کے اقدامات بھی کیے۔
ایک بار پھر تاکید کی جاتی ہے کہ بین الاقوامی عرف کے مطابق غیر ملکی سفارتخانوں کے لیے میزبان ممالک کے قوانین و ضوابط کا احترام اور ان پر عمل درآمد ضروری ہے۔
آپ کا تبصرہ