مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے دفاعی صلاحیتوں میں خود انحصاری، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور موثر دفاعی نظام کی ترقی کو ناگزیر قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق، ایران کی مسلح افواج کے سربراہ اور مرکزی قرارگاه خاتم الانبیا کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللهی نے یوم فضائی دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اندرونی صلاحیتوں اور باصلاحیت نوجوانوں پر اعتماد، ایران کے خلاف ہر قسم کے روایتی اور جدید فوجی خطرات کا بروقت، موثر اور انقلابی جواب دینے کے لیے ضروری ہے۔
جنرل عبداللهی نے اپنے پیغام میں ایرانی فضائی دفاعی فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علیرضا الہامی کو مخاطب کرتے ہوئے یوم فضائی دفاع کی مبارکباد دی اور کہا کہ یہ دن ان بہادر اہلکاروں کی قربانیوں اور استقامت کی یاد تازہ کرتا ہے جو ملک کی فضائی حدود کے محافظ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے جارحانہ حکمت عملی، مربوط اور فعال نیٹ ورکنگ، اور نگرانی، ریڈار اور میزائل نظاموں کو ایک ذہین اور مضبوط نیٹ ورک سے منسلک کرنا ضروری ہے۔
جنرل عبداللهی نے تاکید کی کہ دفاعی نظام اس سطح پر ترقی یافتہ ہونے چاہئیں کہ وہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو دور ترین مقامات پر شناخت، نگرانی، تعاقب اور ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
انہوں نے دفاعی نظاموں کی مقامی تیاری، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، الیکٹرانک جنگی صلاحیتوں اور سائبر دفاعی نظاموں کے استعمال کو بھی اہم قرار دیا۔
ایران کے مسلح افواج کے سربراہ نے مزید کہا کہ فضائی دفاع کی الیکٹرانک اور سائبر جنگی صلاحیتوں میں اضافہ، جنگی تیاریوں کو بہتر بنانا، اور جدید دفاعی علوم سے آشنا ماہر افرادی قوت کی تربیت، فعال دفاعی ڈیٹرنس کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی اور خاتم الانبیا ائیر ڈیفنس ہیڈکوارٹر کے ساتھ تعاون کے ذریعے ایران کو درپیش کسی بھی قسم کے فوجی، شناختی اور ترکیبی خطرات کا موثر مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔
آپ کا تبصرہ