29 اگست، 2026، 10:57 AM

ایرانی حکومت کا رہبر انقلاب کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کا عزم

ایرانی حکومت کا رہبر انقلاب کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کا عزم

صدر پزشکیان کی کابینہ نے بڑے سیاسی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی فیصلوں میں قومی اتحاد کو شامل کرنے اور سفارت کاری و دفاع کو ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے دو تکمیلی ستون قرار دیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی حکومت نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کا عزم ظاہر کرتے ہوئے قومی اتحاد کے تحفظ، عوامی معیشت کی بہتری اور سفارت کاری و دفاع کے شعبوں کو مضبوط بنانے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مسعود پزشکیان کی کابینہ نے ہفتہ کے روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام بڑے سیاسی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی فیصلوں کے ساتھ قومی اتحاد کے ضمیمے کو شامل کرے گی تاکہ معاشرتی تقسیم سے بچا جاسکے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے نام جاری بیان میں کابینہ نے کہا کہ حکومت ہفتہ حکومت کے موقع پر رہبر انقلاب کے امید افزا پیغام کو ملک کے خدمت گزاروں کے لیے حوصلہ افزا سمجھتی ہے۔

بیان میں حکومت نے شہید صدور محمد علی رجائی اور سید ابراہیم رئیسی، سابق وزیراعظم محمد جواد باہنر اور دیگر سرکاری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بانی انقلاب اسلامی اور موجودہ رہبر انقلاب کے راستے پر گامزن رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ایرانی کابینہ نے کہا کہ حکومت ملک کے پیچیدہ معاشی مسائل کے حل، مہنگائی پر قابو پانے، منڈی کے بہتر انتظام، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، سرمایہ کاری کو قومی پیداوار کی طرف منتقل کرنے اور ڈالر پر انحصار کو بتدریج کم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ حکومت مزاحمتی معیشت کی پالیسیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے ملکی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کی کوشش کرے گی۔

حکومت نے کہا کہ رہبر انقلاب کی جانب سے سماجی اتحاد کو نقصان پہنچانے والے اقدامات سے گریز کی واضح ہدایت کے مطابق تمام بڑے سیاسی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی فیصلوں میں قومی اتحاد کے ضمیمے کو شامل کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ معاشرے میں غلط تقسیم پیدا کرنے والے تصورات اور مایوسی پھیلانے والی باتوں سے اجتناب کرنا حکومت کی قطعی ذمہ داری ہے۔

کابینہ نے ٹیکنالوجی، تعلیم، زراعت، صنعت، مواصلات اور ثقافت کے شعبوں میں ترقی کے عمل کو تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا تاکہ ایران سائنسی میدان میں مزید پیش رفت کرے اور اسلامی انقلاب کے دوسرے مرحلے کے بیان کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

خارجہ پالیسی کے حوالے سے حکومت نے کہا کہ ایران کی سفارت کاری عزت، حکمت اور مصلحت کے اصولوں پر قائم رہے گی اور امریکی و صہیونی دباؤ، پابندیوں اور سازشوں کے مقابلے میں مزاحمت جاری رکھی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ سفارت کاری اور دفاعی شعبہ قومی مفادات، سلامتی اور ملکی سالمیت کے تحفظ کے لیے دو مربوط، تکمیلی اور ناقابل جدا بازو ہیں۔

ایرانی کابینہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تمام صلاحیتوں کے ساتھ ایک مزید مضبوط ایران کی تعمیر اور ایرانی عوام کی خدمت کے لیے کام کرتی رہے گی۔

News ID 1940962

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha