مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری فوجی جھڑپوں کے دوران کم از کم 16 امریکی فوجی ہلاک جبکہ 430 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کی یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی سینٹرل کمان نے اردن میں حالیہ حملے کے دوران دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک اہلکار اب بھی لاپتا ہے، جبکہ چار زخمی فوجیوں کو اردن کے اسپتال منتقل کرنے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ سینٹکام کے مطابق دیگر زخمی اہلکار معمولی زخموں کے بعد دوبارہ اپنی ڈیوٹی پر واپس آ گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوجی قیادت اپنے جانی نقصانات کے اعداد و شمار محدود انداز میں جاری کر رہی ہے۔
ادھر امریکی فضائیہ کے ایک سابق پائلٹ نے اسرائیلی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ طبی انخلا کے طیاروں میں منتقل کیے گئے تین سے پانچ مزید امریکی فوجیوں کی حالت تشویشناک ہے اور ان کے زندہ بچنے کے امکانات غیر یقینی ہیں۔ ان کے مطابق اردن میں حملے کے نتیجے میں 15 امریکی فوجی شدید زخمی ہوئے۔
دوسری جانب نیویارک ٹائمز نے متعدد امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اردن میں تعینات امریکی فوجیوں پر گزشتہ پانچ روز کے دوران چار حملے کیے گئے، جن میں ہلاکتیں اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے۔ رپورٹ کے مطابق ان حملوں میں درجنوں امریکی فوجی زخمی ہوئے جبکہ امریکی فوج کے متعدد ہیلی کاپٹروں کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔
آپ کا تبصرہ