مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی تجارتی فروغ تنظیم کے نائب برائے تجارتی خدمات، سید محمد صادق قناعتزادہ نے کہا ہے کہ ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی سرگرمیاں جبل علی بندرگاہ کے ذریعے دوبارہ بحال ہوگئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جبل علی بندرگاہ ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت کا ایک اہم ٹرانزٹ مرکز ہے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی تجارتی سرگرمیوں کا بڑا حصہ انجام پاتا ہے۔
قناعتزادہ کے مطابق 12 روزہ جنگ کے دوران بندرگاہ کے ذریعے سامان کی ترسیل اور ٹرانزٹ معطل ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ایرانی کنٹینرز جبل علی میں پھنس گئے تھے اور تاجر اپنا سامان کلیئر نہیں کرا سکے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ خطے میں کشیدگی میں کمی اور حالات معمول پر آنے کے بعد ایرانی سامان اور کنٹینرز کی کلیئرنس کا عمل دوبارہ شروع ہو گیا ہے، جبکہ ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی راستے بھی بتدریج بحال ہورہے ہیں۔
ایرانی عہدیدار نے امید ظاہر کی کہ تجارتی سرگرمیاں مسلسل بہتر ہو رہی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت جلد جنگ سے پہلے کی سطح پر واپس آجائے گی۔
آپ کا تبصرہ