مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور امریکہ کے درمیان عارضی جنگ بندی کے باوجود لبنان پر صہیونی حکومت کی جارحیت جاری ہے۔ جس پر دنیا بھر میں شدید ردعمل سامنے آرہا ہے۔
اسی حوالے سے 17 یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے لبنان میں اسرائیل کے حالیہ شدید حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ لبنان کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں شامل کیا جائے۔ ان ممالک میں آسٹریلیا، بیلجیم، کروشیا، قبرص، ڈنمارک، اسپین، فن لینڈ، فرانس، یونان، آئس لینڈ، لکسمبرگ، مالٹا، پرتگال، ناروے، انگلینڈ، سلووینیا اور سویڈن شامل ہیں۔
بیان میں فریقین سے پائیدار سیاسی حل تلاش کرنے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ لبنان میں جنگ جاری رہنے سے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی موجودہ کوششیں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔
یورپی ممالک نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا خیر مقدم کیا اور فریقین سے مکمل طور پر جنگ بندی کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا، بغیر یہ نام لیے کہ امریکہ یا اسرائیل ذمہ دار ہیں۔
یورپی وزرائے خارجہ نے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے اور ایران اور امریکہ کے درمیان عارضی جنگ بندی کے موقع سے فائدہ اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے 8 اپریل کو اسرائیل کے شدید حملوں کی مذمت کی جن کے نتیجے میں سینکڑوں افراد شہید اور زخمی ہوئے۔
بیان میں لبنان کی سرحدی سالمیت اور خودمختاری کے احترام پر زور دیا گیا اور لبنان کے حکام اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور مستقل تعاون کا اظہار کیا گیا۔
آپ کا تبصرہ