16 مارچ، 2026، 7:24 PM

مسلمانوں اور اسلامی ممالک کے نام علی لاریجانی کا چھ نکاتی پیغام

مسلمانوں اور اسلامی ممالک کے نام علی لاریجانی کا چھ نکاتی پیغام

ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ نے مسلمان ممالک کے پیغام میں کہا ہے کہ امریکہ اور صہیونی حکومت کی جارحیت کے بعد مسلمان ملکوں نے ایران کا عملی طور پر ساتھ نہیں دیا۔ مسلمانوں کو اپنے مستقبل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے مسلمانوں اور اسلامی ممالک کے نام ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں امریکہ اور اسرائیل کے خلاف متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔

لاریجانی کے پیغام کا متن ذیل میں پیش کیا جاتا ہے:

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

مسلمانانِ عالم اور اسلامی ممالک کی حکومتوں کے نام

1- ایران کو اس وقت ایک فریب پر مبنی امریکی-صہیونی جارحیت کا سامنا کرنا پڑا جب مذاکرات جاری تھے اور اس حملے کا مقصد ایران کو تقسیم کرنا تھا۔ اس جارحیت میں رہبر معظم انقلاب اسلامی سمیت ان کے قریبی ساتھیوں اور عام شہریوں کو شہید کیا گیا، جس کے جواب میں ایرانی قوم نے قومی اور اسلامی مزاحمت کا مظاہرہ کیا۔

2- آپ جانتے ہیں کہ چند نادر سیاسی بیانات کے علاوہ تقریبا کسی بھی اسلامی حکومت نے ایرانی عوام کی عملی مدد نہیں کی۔ اس کے باوجود ایرانی قوم نے مضبوط ارادے کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا اور اسے سخت دباؤ میں ڈال دیا، یہاں تک کہ آج دشمن خود اس بند گلی سے نکلنے کا راستہ تلاش نہیں کر پا رہا۔

3۔ ایران امریکہ اور اسرائیل جیسے بڑے اور چھوٹے شیطانوں کے خلاف مزاحمت کا راستہ جاری رکھے ہوئے ہے، مگر کیا اسلامی حکومتوں کا موجودہ رویہ پیغمبر اسلام ﷺ کے اس فرمان کے خلاف نہیں جس میں فرمایا گیا کہ اگر کوئی مسلمان دوسرے مسلمان کی فریاد پر لبیک نہ کہے تو وہ مسلمان نہیں؟ آخر یہ کیسے مسلمان ہیں؟

4- بعض ممالک نے اس سے بھی آگے بڑھ کر یہ کہا کہ چونکہ ایران نے ان ممالک میں موجود امریکی اڈوں اور امریکہ و اسرائیل کے مفادات کو نشانہ بنایا ہے اس لیے ایران ان کا دشمن ہے۔ کیا ایران ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھا رہتا جب انہی اڈوں سے اس پر حملے کیے جاتے؟ یہ محض بہانہ تراشی ہے۔ آج کے معرکے میں ایک طرف امریکہ اور اسرائیل ہیں اور دوسری طرف مسلمان ایران اور مزاحمتی قوتیں۔ آپ خود فیصلہ کریں کہ آپ کس طرف کھڑے ہیں۔

5- اسلامی دنیا کے مستقبل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچیں۔ آپ جانتے ہیں کہ امریکہ آپ کے ساتھ کبھی وفادار نہیں رہا اور اسرائیل آپ کا دشمن ہے۔ ایک لمحہ اپنے اور اپنے خطے کے مستقبل پر غور کریں۔ ایران آپ کا خیر خواہ ہے اور آپ پر تسلط قائم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

6- امتِ مسلمہ کا اتحاد اپنی پوری قوت کے ساتھ تمام اسلامی ممالک کی سلامتی، ترقی اور آزادی کو یقینی بناسکتا ہے اور اس کی ضمانت فراہم کرسکتا ہے۔

بندۂ خدا  

علی لاریجانی

News ID 1938544

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha