23 فروری، 2026، 5:25 PM

جوہری طاقت میں اضافہ روس کی اولین ترجیح ہے، پوٹن کا اعلان

جوہری طاقت میں اضافہ روس کی اولین ترجیح ہے، پوٹن کا اعلان

صدر پوٹن نے نیو اسٹارٹ معاہدہ ختم ہونے کے بعد جوہری صلاحیت میں اضافے کو روس کی اولین ترجیح قرار دے دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ولادیمیر پوٹن نے وطن کے محافظوں کے دن کے موقع پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان نیو اسٹارٹ معاہدے کی معیاد ختم ہونے کے بعد روس کی جوہری صلاحیت کو مضبوط بنانا ملک کی اولین ترجیح بن چکا ہے۔

روسی صدر نے کہا کہ جوہری تین جہتی دفاعی نظام، جو روس کی سلامتی کی ضمانت دیتا ہے اور مؤثر تزویراتی دفاعی توازن قائم رکھتا ہے، اس کی ترقی ماسکو کی اولین ترجیح رہے گی۔

پوٹن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ روس اپنی فوج اور بحریہ کی صلاحیتوں کو مزید بڑھائے گا اور یوکرین کے ساتھ چار سالہ جنگ کے دوران حاصل ہونے والے فوجی تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج کی تمام شاخوں کو جنگی تیاری، تیز نقل و حرکت اور مشکل حالات میں عملی مشن انجام دینے کی صلاحیت کے شعبوں میں مزید مضبوط کیا جائے گا۔

نیو اسٹارٹ معاہدہ 2010 میں طے پایا تھا اور یہ واشنگٹن اور ماسکو کے درمیان اسلحہ کنٹرول کا آخری بڑا معاہدہ تھا، جس کے تحت ہر فریق کے لیے 800 تک لانچنگ پلیٹ فارمز اور 1550 اسٹریٹجک جوہری وار ہیڈز کی حد مقرر کی گئی تھی، ساتھ ہی باہمی نگرانی کا نظام بھی شامل تھا۔ اس معاہدے کے خاتمے کا مطلب کم نگرانی والے جوہری نظام کی طرف پیش رفت ہے۔

یہ معاہدہ 5 فروری کو ختم ہو گیا جبکہ امریکا نے روسی صدر کی جانب سے ایک سال کے لیے جوہری ہتھیاروں کی حد میں توسیع کی تجویز کا کوئی جواب نہیں دیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے نیو اسٹارٹ معاہدے کے خاتمے کو عالمی امن و سلامتی کے لیے ایک نازک لمحہ قرار دیا ہے۔

News ID 1938222

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha