مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ کے خصوصی نمائندہ برائے جوہری مذاکرات اسٹیو وٹکاف نے انکشاف کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی سخت ترین دباؤ کے باوجود ایرانیوں کی استقامت پر حیرت زدہ ہیں۔
فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ان سے سوال کیا کہ شدید فوجی و سیاسی دباؤ کے باوجود ایران کیوں جھکنے پر آمادہ نہیں؟
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ مایوس نہیں بلکہ متجسس ہیں کہ تہران اس دباؤ کے باوجود مزاحمت کیوں کر رہا ہے۔
امریکی نمائندے نے دعوی کیا کہ ایران میں یورینیم کی افزودگی کی سطح ایک غیر عسکری جوہری پروگرام کی ضروریات سے کہیں زیادہ ہے اور واضح کیا کہ افزودگی واشنگٹن کے لیے سرخ لکیر کی حیثیت رکھتی ہے۔
یاد رہے کہ امریکی موقف کے برعکس بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی ایران کی جوہری تنصیبات کی مسلسل نگرانی کررہی ہے اور اب تک کسی عسکری انحراف کا ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
ایرانی حکام بارہا واضح کرچکے ہیں کہ ان کے جوہری نظریے میں ایٹم بم کی کوئی گنجائش نہیں اور وہ شفافیت و اعتماد سازی کے لیے تیار ہیں۔
آپ کا تبصرہ