مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات کے دوسرے دور میں پہلے مرحلے کی نسبت بہتر پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، جنیوا میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور کے بعد عراقچی نے کہا کہ ایران اور امریکہ بعض امور پر اصولی اتفاق رائے تک پہنچ گئے ہیں، جو ممکنہ معاہدے کے متن کی تیاری کی بنیاد بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات تعمیری ماحول میں منعقد ہوئے اور کچھ رہنما اصولوں پر اتفاق ہوا۔ مذاکرات صرف جوہری امور تک محدود رہے۔
عراقچی نے کہا کہ کسی بھی معاہدے کی تحریر اور مسودہ سازی کا مرحلہ زیادہ پیچیدہ ہوتا ہے کیونکہ دونوں جانب کے مؤقف کو الفاظ میں اس طرح ڈھالنا پڑتا ہے کہ قانونی اور عملی پہلوؤں میں توازن برقرار رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان بعض اختلافات موجود ہیں جنہیں قریب لانے کے لیے وقت درکار ہوگا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ شروع ہونے والا یہ راستہ بالآخر ایک باقاعدہ معاہدے پر منتج ہوسکتا ہے، بشرطیکہ رہنما اصولوں کو سنجیدگی سے آگے بڑھایا جائے اور تکنیکی مراحل میں صبر و تدبر کا مظاہرہ کیا جائے۔
دوسری جانب بلومبرگ نے بھی اطلاع دی ہے کہ فریقین نے مذاکرات کے تیسرے دور کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے، تاہم اگلی نشست کی حتمی تاریخ ابھی طے نہیں کی گئی۔
آپ کا تبصرہ