مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل رضا طلائینیک نے دشمنوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کا مؤثر اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، جنرل رضا طلائینیک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی ممکنہ جارحیت کا جواب دینے کے لئے ایرانی مسلح افواج کی تیاریاں عروج پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ بدی کا عالمی محور اور برائی کی جڑ ہیں اور نتن یاہو اس بڑے مجرم کے جرائم میں شریک ہیں۔ دنیا کی بیشتر اقوام، بالخصوص ایرانی قوم، ٹرمپ اور اس کے اتحادی کے جرائم اور شرارتوں سے بخوبی واقف ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایرانی قوم نے ملک گیر اسلام نظام کے حق میں ہونے والے مظاہروں کے ذریعے امریکہ کے مقابلے میں اپنی عزت، وحدت اور استقامت کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔
جنرل طلائینیک نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جس طرح ایرانی قوم نے گزشتہ برس جون میں مسلط کی گئی 12 روزہ جنگ میں دشمن کو شکست دی، اسی طرح حالیہ فسادات کو بھی ناکام بنایا، جو امریکہ اور صہیونی حکومت کی جانب سے تیار کی گئی ایک پیچیدہ اور کثیرالجہتی سازش تھی۔ یہ کامیابی رہبر انقلاب اسلامی کی دانشمندانہ قیادت میں قومی اتحاد کی بدولت ممکن ہوئی۔
آپ کا تبصرہ