مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فرانسیسی وزارتِ خارجہ نے واشنگٹن، ریاض اور بیروت کے ساتھ فروری میں لبنانی فوج کی حمایت کے لیے ایک بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔
پیرس نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ہم جنوبی لبنان کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں اور کشیدگی میں کمی کے خواہاں ہیں، تاہم فرانس نے لبنان پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں پر فقط لفظی مذمت کرنے پر ہی اکتفا کیا ہے۔
فرانسیسی وزارتِ خارجہ کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پیرس میں ہونے والے آج کے اجلاس میں لبنانی فوج کی معاونت کے ان طریقوں پر غور کیا گیا جن کے ذریعے ملک میں اسلحے کے کنٹرول کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزارتِ خارجہ نے اس اجلاس کے اصل ہدف کو جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ اس اقدام میں حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا بھی شامل ہے۔ بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کی ضرورت پڑی تو اس معاملے پر معاہدے کے تمام فریقین کے ساتھ دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔
ماہرین اس کانفرنس کو لبنان کی داخلی خودمختاری میں مداخلت اور مزاحمتی بلاک کو کمزور کرنے کی ایک منظم مغربی کوشش قرار دے رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ