12 دسمبر، 2025، 2:08 PM

چند طاقتوں کی اجارہ داری سے دنیا میں امن قائم نہیں ہوگا، صدر پزشکیان

چند طاقتوں کی اجارہ داری سے دنیا میں امن قائم نہیں ہوگا، صدر پزشکیان

ایرانی صدر نے کہا کہ دنیا میں دیرپا امن قائم کرنے کے لیے عدم مساوات، اجارہ داری اور امتیازی سلوک کا خاتمہ ضروری ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ پائیدار امن صرف اس وقت ممکن ہے جب عدم استحکام کی جڑیں ختم کی جائیں۔

تفصیلات کے مطابق، ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں بین الاقوامی امن و اعتماد سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے صدر پزشکیان نے کہا کہ آج کے پرتشدد عالمی ماحول میں امن کے تصور پر دوبارہ غور کرنا ضروری ہے۔ امن اب مخصوص جغرافیوں میں محدود ایک مراعات بن کر رہ گیا ہے۔

صدر پزشکیان نے کہا کہ حقیقی امن فوجی بجٹ بڑھانے یا دکھاوے پر مبنی سفارت کاری سے حاصل نہیں کیا جاسکتا، بلکہ اس کے لیے عدم مساوات، اجارہ داری اور امتیاز جیسے بنیادی مسائل سے نمٹنا ضروری ہے۔

انہوں نے ترکمانستان کی جانب سے نیوٹرلٹی برائے امن، سلامتی اور ترقی گروپ کے قیام کو سراہا، جسے اقوام متحدہ کی حمایت حاصل ہے اور عالمی امن و سلامتی کے لیے ترکمانستان کے عملی عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

صدر پزشکیان نے بڑی طاقتوں کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسرائیل کو خصوصی مراعات دی ہیں، جس سے خطے میں جنگ اور مظالم کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

انہوں نے اسرائیل کے بار بار جارحانہ اقدامات، غزہ میں جرائم، غرب اردن میں غیر قانونی بستیاں اور شام، لبنان، ایران اور قطر پر حملوں کی مذمت کی۔

انہوں نے جون میں ایران پر صہیونی حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں سینکڑوں معصوم ایرانی شہید ہوئے، لیکن بین الاقوامی اداروں نے کوئی جواب دہی نہیں کی بلکہ طاقتور ممالک نے سیاسی اور فوجی حمایت فراہم کی۔

ایرانی صدر نے زور دیا کہ عالمی برادری کو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ کوئی ملک، چاہے وہ بڑی طاقت ہی کیوں نہ ہو، بین الاقوامی قوانین سے بالا نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے تمام ممالک سے کہا کہ وہ اپنے خطے میں تعاون بڑھائیں، ایماندارانہ اور اخلاقی سفارت کاری کریں اور بین الاقوامی اداروں میں بھرپور کردار ادا کریں، تاکہ دنیا کی حکمرانی صرف طاقتور ممالک کے ہاتھ میں نہ ہو۔

صدر پزشکیان نے امید ظاہر کی کہ اشک آباد اجلاس ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرے گا جو خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کو فروغ دے۔

انہوں نے ترکمانستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے امن اور سلامتی پر بات چیت کو فروغ دینے میں تعاون کیا۔

News ID 1937033

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha