مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی زمینی فوج کے کمانڈر انچیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوری ایرانی مسلح فوج دشمن کے کسی بھی خطرے کے مقابلے میں فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
تفصیلات کے ایرانی بحریہ کے قومی دن کے موقع پر کردستان فلوٹنگ نیول بیس کا افتتاح اور سہند ڈسٹرائر کو جنوبی بیڑے میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس حوالے سے ہونے والی تقریب کے دوران جنرل حاتمی نے ایرانی بحریہ کے عزم و حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کی کوششوں کے نتیجے میں عالمی سطح پر ایران کی بے مثال طاقت نمایاں ہوگئی ہے۔
انہوں نے آٹھ سالہ مقدس دفاع کے دوران بحریہ کی بہادری کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارنامے اسلامی جمہوری ایران کی بحری تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
جنرل حاتمی نے کہا کہ ایرانی بحریہ ماہر اور تجربہ کار افرادی قوت کی بدولت ملکی سطح پر نیول پرزہ جات اور سازوسامان کی تیاری میں خود کفیل ہوچکی ہے اور وزارت دفاع کی بحری صنعتوں اور کمپنیوں کے تعاون سے اس شعبے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوری ایران نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد سے خطے میں امن و سلامتی قائم کرنے میں تعمیری اور بے مثال کردار ادا کیا ہے اس کے مقابلے میں صہیونی حکومت کے تخریبی اقدامات کے نتیجے میں خطے کا امن خطرے میں پڑگیا ہے۔
جنرل حاتمی نے واضح کیا کہ ایران اپنے قومی مفادات اور عوام کی پائیدار سلامتی کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور دفاعی ترقی کے راستے پر پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا۔
آپ کا تبصرہ