مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے سفیر برائے ایران مدثر ٹیپو نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان بارٹر ٹریڈ کا نظام جلد نافذ ہونے جا رہا ہے، جس سے دوطرفہ تجارت میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں غیر معمولی پیش رفت متوقع ہے۔
سفیر کے مطابق دونوں ممالک آزاد تجارتی معاہدے پر عملدرآمد کی رفتار بھی تیز کرچکے ہیں اور حالیہ مذاکرات میں اس ضمن میں نمایاں پیشرفت سامنے آئی ہے۔ تہران اور اسلام آباد کے درمیان تجارتی امکانات پر حالیہ دوطرفہ ملاقاتوں میں خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارٹر ٹریڈ میکانزم کے نفاذ سے دونوں ملکوں کے نجی شعبے کو نئی تجارتی راہیں میسر آئیں گی، خصوصا ایسی مصنوعات و خدمات کے تبادلے میں آسانی ہوگی جن پر کرنسی ادائیگی کے مسائل یا پابندیاں اثرانداز ہوتی ہیں۔
پاکستانی سفیر نے مزید بتایا کہ ایران کا 12 رکنی تجارتی و صنعتی وفد آئندہ دنوں میں پاکستان کا دورہ کرے گا، جو کراچی میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی ایگروبزنس و فوڈ انڈسٹری نمائش میں شرکت کرے گا۔
وفد کے ساتھ پاکستان میں تعینات تجارتی اور سرمایہ کاری کے معاون بھی موجود ہوں گے تاکہ ایرانی نمائندوں کو پاکستان میں کاروباری مواقع سے آگاہ کیا جاسکے اور دونوں ملکوں کے کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست رابطے مضبوط ہوں۔
آپ کا تبصرہ