مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چھٹی اسلامی یکجہتی گیمز _ ریاض 2025 کے فٹسال فائنل میں ایران اور مراکش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں۔ ایرانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے افریقی نمائندہ مراکش کو ۵-۰ سے شکست دی اور اس ایونٹ کا طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔
ایران نے پہلے ہاف میں ہی برتری حاصل کر لی۔ امیر حسن غلامی نے پانچویں منٹ میں پہلا گول کیا، مهدی کریمی نے آٹھویں منٹ میں دوسرا اور حسین طیبی نے تیرہویں منٹ میں تیسرا گول کر کے ایران کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
دوسرے ہاف میں مراکش کے گول کیپر بھی حملے میں شامل ہوئے جس سے ایران کو مشکلات پیش آئیں، لیکن حسین طیبی نے ایک اور گول کر کے برتری مزید مستحکم کر دی۔ کھیل کے آخری منٹ میں سعید احمد عباسی نے پانچواں گول کر کے ایران کو شاندار انداز میں چیمپئن بنا دیا۔
واضح رہے کہ ایران نے مجموعی طور پر چھے گولڈ میڈل، چار سلور میڈل اور چودہ کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ ایرانی ٹیموں نے تیراکی، وزن برداری، کراٹے، فٹسال، ٹیبل ٹینس، جوڈو اور باکسنگ جیسے مختلف کھیلوں میں تمغے حاصل کئے۔
آپ کا تبصرہ