19 اکتوبر، 2025، 7:24 PM

غزہ میں جنگی جرائم کے مرتکبین کو سزا دی جائے، ایران کا عالمی برادری سے مطالبہ

غزہ میں جنگی جرائم کے مرتکبین کو سزا دی جائے، ایران کا عالمی برادری سے مطالبہ

ایرانی پارلیمنٹ کے نائب اسپیکر حمید رضا حاجی بابائی نے جنیوا میں بین الاقوامی اجلاس کے دوران کہا کہ غزہ میں جنگ بندی انصاف کو نظرانداز کرنے کا بہانہ نہیں بننی چاہیے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے نائب اسپیکر حمید رضا حاجی بابائی نے جنیوا میں بین الپارلیمانی یونین کے 151ویں اجلاس میں شرکت کے دوران عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں ہونے والے جنگی جرائم کے مرتکبین کی شناخت کی جائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی پارلیمانی یونین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جنگ بندی یا عارضی صلح کا مطلب یہ نہیں ہونا چاہیے کہ انصاف کو فراموش کردیا جائے یا جنگی مجرموں کو استثنی دیا جائے۔

حاجی بابائی نے زور دیا کہ پارلیمانی اتحاد کا بنیادی مقصد امن کا فروغ اور تنازعات کا سفارتی و مکالماتی ذرائع سے حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک بڑے امتحان سے گزر رہے ہیں جو انسانی ضمیر اور عالمی نظام کا امتحان ہے جو غزہ میں انسانی المیے کی صورت میں ہے۔

انہوں نے اسرائیل کی جانب سے امریکی اور بعض مغربی ممالک کی براہِ راست حمایت سے کیے گئے مظالم کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے نہ صرف عالمی کثیرالجہتی نظام کی بنیادوں کو کمزور کیا بلکہ بین الاقوامی اداروں کو بھی بدنام کیا۔

نائب اسپیکر نے کہا کہ اسرائیل کی مسلسل جارحیت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو عالمی امن و سلامتی برقرار رکھنے کے اپنے بنیادی کردار سے محروم کردیا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی عوام اور خطے کے لیے ایک منصفانہ مستقبل اور پائیدار امن صرف مسلم اقوام کے اتحاد، پارلیمانی یکجہتی اور عالمی انصاف کی بحالی سے ممکن ہے۔

حاجی بابائی نے مسئلہ فلسطین پر ایران کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران ہر اس اقدام کی حمایت کرتا ہے جس میں نسل کشی کا خاتمہ، قابض افواج کا انخلاء، فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کی بحالی شامل ہو۔

News ID 1936018

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha