مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران نے اقوام متحدہ کے سیکریٹریٹ کی جانب سے ایران کے خلاف منسوخ شدہ قراردادوں کے دوبارہ اطلاق سے متعلق رکن ممالک کو اطلاع دینے کے اقدام پر شدید احتجاج درج کرایا ہے۔
ایران کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے 28 ستمبر کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش اور سلامتی کونسل کے صدر کو ایک تحریری مراسلہ ارسال کیا، جس میں ایران کی جانب سے سخت ترین اعتراض درج کیا گیا۔
ایروانی نے ایران کے وزیر خارجہ کی 27 ستمبر کی تحریر کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ قرارداد 2231 اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل یا سیکریٹریٹ کو یہ اختیار نہیں دیتی کہ وہ منسوخ شدہ قراردادوں کے دوبارہ اطلاق سے متعلق رکن ممالک کو اطلاع دے یا اعلان کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرارداد 2231 کے پیراگراف 11 اور 12 میں اسنیپ بیک میکانزم کے لیے واضح طریقہ کار درج ہے، اور سیکریٹریٹ کا یکطرفہ اقدام اس کے اختیارات سے تجاوز ہے۔
ایران نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سیکریٹریٹ کے سیاسی استعمال کو روکے اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف مؤثر مؤقف اختیار کرے۔
آپ کا تبصرہ