29 ستمبر، 2025، 8:24 AM

ڈیموکریٹک شہر پورٹ لینڈ بھی ٹرمپ کے نشانے پر؛ نیشنل گارڈز تعینات!

ڈیموکریٹک شہر پورٹ لینڈ بھی ٹرمپ کے نشانے پر؛ نیشنل گارڈز تعینات!

امریکی وزیر دفاع نے ریاست اوریگن سے 200 نیشنل گارڈز کو شہر پورٹ لینڈ بھیجنے کا حکم دیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی وزیر دفاع پیٹر ہگسٹ نے اعلان کیا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حکم پر 200 نیشنل گارڈ اہلکاروں کو ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ بھیجا جا رہا ہے، جبکہ ریاست اوریگن نے ٹرمپ کے اس اقدام کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔

ٹرمپ نے ہفتہ کے روز پورٹ لینڈ میں فوج بھیجنے کے منصوبے کا اعلان کیا اور اس کی وجہ وفاقی امیگریشن تنصیبات کو "اندرونی دہشت گردوں" سے بچانا بتایا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فوجیوں کو ہر ممکن طاقت کے استعمال کا مکمل اختیار دیا گیا ہے۔

ٹرمپ اس سے پہلے بھی ڈیموکریٹس کے زیرانتظام شہروں جیسے لاس اینجلس اور واشنگٹن میں فوجی بھیج چکے ہیں، جس کے نتیجے میں احتجاج اور قانونی شکایات سامنے آئی تھیں۔

اوریگن ریاست کی طرف سے ٹرمپ، وزیر دفاع ہگسٹ اور وزیر داخلہ کرسٹی نوم کے خلاف وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ ڈیموکریٹ اٹارنی جنرل "ڈین ریفیلڈ" کی جانب سے فائل کیا گیا ہے جس میں ٹرمپ پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام لگایا گیا ہے۔

امریکی ذرائع کے مطابق، ٹرمپ کی جانب سے فوجی بھیجنے کا یہ فیصلہ پینٹاگون کے لیے حیران کن تھا۔ ہگسٹ نے گزشتہ روز وفاقی اجازت نامے کے تحت اوریگن سے 200 نیشنل گارڈ بھیجنے کا حکم دیا۔ یہ حکم اب اوریگن کی شکایت کے ساتھ منسلک کر کے عوام کے سامنے بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ ڈیموکریٹک شہروں میں نیشنل گارڈ بھیج کر مخالف آوازوں کو دبانا چاہتے ہیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ "ایسوسی ایشن آف میجر سٹیز" کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق 2025 کے پہلے چھ ماہ میں پورٹ لینڈ میں پُرتشدد جرائم میں کمی دیکھی گئی ہے اور قتل کے واقعات پچھلے سال کے مقابلے میں 51 فیصد کم ہوئے ہیں۔

ٹرمپ نے رواں سال جنوری میں وائٹ ہاؤس واپسی کے بعد جرائم سے نمٹنے کو اپنی حکومتی پالیسیوں کے مرکز میں رکھا ہے، حالانکہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ بیشتر امریکی شہروں میں جرائم کی شرح کم ہو رہی ہے۔

News ID 1935644

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha