مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمانی اراکین نے ملکی دفاعی نظام کو جدید زمانے کے تقاضوں کے مطابق استوار کرنے کے منصوبوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نمایندگان نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں ایک مشترکہ بیانیہ جاری کرتے ہوئے ایران کی دفاعی اور میزائل صنعت کے ترقیاتی منصوبوں کو مزید تیز کرنے پر زور دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران کے جوانوں اور ماہرین ملک کی دفاعی، سائنسی و صنعتی پیشرفت میں بنیادی کردار ادا کررہے ہیں۔ ان کامیابیوں نے خطے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے فعال کردار کو تقویت دی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حالیہ جنگ میں ایران کے جدید اور طاقتور میزائلوں نے صہیونی حکومت کے کثیر سطحی اور جدید فضائی دفاعی نظام کو عبور کرنے میں کامیابی حاصل کی اور دشمن کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
پارلیمانی نمائندوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دفاعی صنعت کی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور نوجوان ماہرین کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے پر زور دیا۔
بیان میں میزائل پروگرام، فضائی دفاع، سایبری، بری، بحری اور فضائی شعبوں کو مزید تقویت دینے، مسلح افواج کے موجودہ اور ریٹائرڈ اہلکاروں کی معیشت میں بہتری لانے کی ضرورت اور دفاعی بجٹ اور مالی وسائل کی مکمل اور بروقت فراہمی پر تاکید کی گئی ہے۔
آپ کا تبصرہ