مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر مسعود پزشکیان پیر کی دوپہر اعلیٰ سطحی سیاسی و اقتصادی وفد کے ہمراہ آرمینیا کے دارالحکومت یروان پہنچے جہاں ان کا استقبال آرمینیا کے نائب وزرائے اعظم اور وزیر خارجہ نے کیا۔
صدر پزشکیان آرمینیا کے وزیراعظم نکول پشینیان کی دعوت پر سرکاری دو طرفہ دورے پر یروان پہنچے ہیں، جس کے دوران وہ آرمینیا کی اعلیٰ قیادت سے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر گفتگو کریں گے۔
روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں صدر ایران نے کہا کہ یہ دورہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا یہ سفر ان دوروں کا تسلسل ہے جنہیں ہم نے ہمسایہ ممالک کے لیے ترجیح دی ہے۔ رہبرِ معظم کی رہنمائی کے مطابق ہمارے ہمسائے تعلقات میں پہلی ترجیح ہیں۔
انہوں نے آرمینیا کو ایران کا “دوست اور ہمسایہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات “اسٹریٹجک نوعیت” کے ہیں اور تہران نے ہمیشہ یروان کے ساتھ سیاسی، سماجی، ثقافتی اور اقتصادی تعاون کو مستحکم کرنے کی کوشش کی ہے۔
صدر پزشکیان نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان پہلے ہی کئی معاہدے طے پا چکے ہیں تاکہ تعاون کو آسان بنایا جا سکے، تاہم اس دورے کا مقصد ان معاہدوں کے نفاذ کو تیز اور مزید مؤثر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دراصل اُن اقدامات اور معاہدوں کو آگے بڑھانے اور تیز تر کرنے کے لیے ہے جو دونوں ملکوں کے لیے مؤثر اور تعمیری ثابت ہوں گے۔
آپ کا تبصرہ