30 جولائی، 2025، 12:31 PM

خطے میں عدم استحکام کی اصل جڑ امریکی مداخلت ہے، قالیباف

خطے میں عدم استحکام کی اصل جڑ امریکی مداخلت ہے، قالیباف

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ امریکی مداخلت کی وجہ سے پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ خطے کی تمام مشکلات اور عدم استحکام کی اصل جڑ امریکہ کی مداخلتیں ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ اسلامی اور علاقائی ممالک کو امریکی و صہیونی جارحیت کے خلاف متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا۔

سوئٹزرلینڈ میں چھٹی بین الاقوامی اسپیکرز کانفرنس کے موقع پر ترک پارلیمنٹ کے سربراہ نعمان کورتولموش سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی حالات انتہائی حساس ہیں اور ہر لمحہ نیا چیلنج پیدا ہورہا ہے جس کی بنیادی وجہ امریکہ کی براہ راست مداخلت ہے۔

انہوں نے ایران اور ترکی کے درمیان قریبی تعلقات کو علاقائی استحکام کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے ترکی کی جانب سے حالیہ 12 روزہ ایران-اسرائیل جنگ پر کھل کر حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

قالیباف نے کہا کہ ایرانی عوام اور افواج نے جانفشانی کے ساتھ مزاحمت کی اور صہیونیوں کو ان کی تاریخ میں پہلی بار سخت فوجی ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی حکومت خطے کی تقسیم، خاص طور پر شام جیسے ممالک کو توڑنے کے لیے نازی طرز پر سرگرم ہے۔ نتن یاہو صرف قتل عام اور تباہی نہیں بلکہ بھوک اور پیاس جیسے ہتھکنڈوں کو بھی جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

اس موقع پر ترک پارلیمنٹ کے سربراہ نعمان کورتولموش نے کہا کہ ترکی نے اسرائیل کی حالیہ جارحیت کی کھل کر مذمت کی ہے۔

نعمان کورتولموش نے دونوں ممالک کے درمیان 50 ارب ڈالر تجارتی ہدف کو قابل حصول قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ بین الپارلیمانی وفود کے دورے سے تجارتی و اقتصادی تعاون کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔

News ID 1934576

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha