مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران براڈکاسٹنگ اور "صبح میڈیا سنٹر" کے تعاون سے تہران میں ایک پر وقار یادگاری تقریب منعقد کی گئی، جس میں حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب میں شہداء کے اہلِ خانہ، ایران میں موجود پندرہ غیرملکی صحافیوں اور میڈیا کی متعدد نامور شخصیات نے شرکت کی۔ اسلامی جمہوری ایران براڈکاسٹنگ کے صدر پیمان جبلی اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جب کہ IRIB کی عالمی سروس کے ڈائریکٹر احمد نوروزی نے اہم خطاب کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احمد نوروزی نے شہید صحافیوں کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ صہیونی حکومت اپنی بقاء کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے، حتی کہ وہ کھلے عام جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے حق گوئی اور آزاد صحافت کے خلاف یہ کھلی جارحیت اس بات کا اظہار ہے کہ صہیونی حکومت سچ سے خوف زدہ ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیمان جبلی نے شہداء کی استقامت اور دلیری کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ صہیونی حکومت چاہے جتنے بھی مظالم ڈھائے، صدایِ حق کو کبھی خاموش نہیں کرسکتی۔ ہم ان سب کے شکر گزار ہیں جنہوں نے سچائی اور بہادری کے ساتھ کھڑے ہو کر تاریخ کے صحیح جانب کا انتخاب کیا۔
اسرائیلی حملے کے دوران لائیو نشریات جاری رکھنے والی اینکر کو اعزاز
اس موقع پر ایرانی سینما کے معروف ہدایت کار احمد رضا درویش نے اپنی کریسٹل سیمرغ ایوارڈ ٹی وی اینکر سحر امامی کو پیش کیا، جنہوں نے 16 جون کو اسرائیلی حملے کے دوران لائیو نشریات کو جاری رکھا۔
سحر امامی اس وقت اسرائیلی جارحیت پر رپورٹنگ کررہی تھیں جب پہلا دھماکہ ہوا، لیکن انہوں نے غیر معمولی حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نشریات کو جاری رکھا۔ ان کی اس جرأت پر حاضرین نے کھڑے ہو کر تالیاں بجا کر خراج تحسین پیش کیا۔
"سحر امامی اسپیشل ایوارڈ" کی رونمائی
تقریب کے دوران "صبح میڈیا سینٹر" کے تحت "سحر امامی اسپیشل ایوارڈ" کی باضابطہ رونمائی بھی کی گئی، جو کہ IRIB کے نیوز روم مینیجر ہومن خلیلی کو پیش کیا گیا۔ اس ایوارڈ کا مقصد ان صحافیوں کی خدمات کو سراہنا ہے جو میدانِ حق و باطل میں بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دہتے ہیں۔
تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سحر امامی نے کہا کہ اسرائیلی حکومت ان تمام صحافیوں سے ڈرتی ہے جو اس کے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے ہیں۔ ہمیں خاموش کرکے وہ سچائی کو نہیں روک سکتی۔ ان حملوں سے درحقیقت ہمارا عزم مزید مضبوط ہوتا ہے۔
تقریب میں شرکت کرنے والی امریکی صحافی کالہ والش نے میڈیا سے گفتگو میں امریکہ کے کردار کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ امریکہ نے نہ صرف اسرائیلی جارحیت کی حمایت کی ہے بلکہ اسے براہ راست فوجی، سیاسی اور مالی معاونت فراہم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران کو فلسطین کی حمایت اور صہیونیت کی مخالفت کی پاداش میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ