مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی حکومت کے فضائی حملوں کے بعد سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان میں میجر جنرل حسین سلامی کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی دہشت گرد حکومت نے وائٹ ہاؤس کے خبیث حکمرانوں کی اجازت سے بدترین جنایت کی ہے جس کا بھاری تاوان چکانا ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نہایت غمزدہ اور دل شکستہ دل کے ساتھ اسلامی انقلاب کے عظیم و شجاع کمانڈر، سپاہ پاسداران کے سربراہ جنرل سرلشکر حسین سلامی اور ان کے محافظین و ساتھیوں کی صہیونی دہشتگرد حملے میں مظلومانہ شہادت پر، حضرت ولی عصر (عج)، رہبر معظم انقلاب، معزز خاندانوں، ساتھی رفقاء اور ایرانی قوم کی خدمت میں تسلیت و تبریک عرض کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ میجر جنرل حسین سلامی ایک مجاہد اور اسلامی انقلاب کے ممتاز کمانڈروں میں سے تھے جس نے ہمیشہ اخلاص، حکمت اور ولایتپذیری کے ساتھ قوم و انقلاب کا دفاع کیا۔ ان کی قیادت میں مقاومت اسلامی نے دشمن کے کثیر الجہتی خطرات کا مقابلہ کرنے میں تاریخی کامیابیاں حاصل کیں۔
بیان مین سپاہ پاسداران انقلاب نے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ دشمن سے سخت انتقام لیا جائے گا۔ صہیونی حکومت اور امریکہ نے اس جنایت میں شریک ہو کر تمام سیاسی اور اخلاقی حدیں بھی عبور کرلی ہیں۔ دشمن کو یقیناً اس خون ناحق کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
آپ کا تبصرہ