مہر نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کے ایٹمی توانائی ادارے کے ترجمان بہروز کمالوندی نے کہا کہ مغربی اور یورپی ممالک کا جارحانہ رویہ ان کی تسلط پسندانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے لیکن ایران اپنے جائز موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ وہ کسی بھی دباؤ یا پابندی کے جواب میں وہ مناسب اقدامات کرے گا۔
کمالوندی نے کہا کہ آج بھی ایران نے بورڈ آف گورنرز کو مطلع کیا ہے کہ دو اہم اقدامات کیے جا چکے ہیں: ایک تو افزودگی کے تیسرے کمپلیکس کا قیام ہے، جو نہایت محفوظ ہوگا اور دوسرا موجودہ افزودگی کی مشینوں کو جدید نسل کی مشینوں سے تبدیل کرنا ہے، جس سے افزودہ یورینیم کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا پیغام واضح ہے کہ جتنا بھی دباؤ ڈالا جائے، اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور ایران خود کو ہر ممکن حالات کے لیے تیار کر رہا ہے۔
ایٹمی ادارے کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ مغربی ممالک اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کریں گے، کیونکہ ایران ہمیشہ بات چیت کا خواہاں ہے لیکن یہ بات چیت یکطرفہ نہیں ہوسکتی۔
آپ کا تبصرہ