مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، غزہ پر صہیونی حکومت کی جانب سے 15 مہینے مسلسل ظالمانہ حملوں اور جارحیت کے باوجود صہیونی حکومت اپنے اہداف میں بری طرح ناکام ہوگئی اور بالاخر حماس کی شرائط قبول کرتے ہوئے جنگ بندی پر راضی ہوگئی۔
قطر کے وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے جنگ بندی کا اعلان کیا اور کہا کہ صہیونی حکومت نے جنگ بندی کے معاہدے سے اتفاق کیا ہے۔
اس سے پہلے صہیونی حکومت حماس کی مکمل نابودی کے اعلان کے ساتھ جنگ بندی سے انکار کررہی تھی تاہم فلسطینی مقاومتی تنظیم نے حالیہ مہینوں کے دوران مزید افرادی قوت حاصل کرلی جس کی وجہ سے غاصب صہیونی حکومت جنگ بندی قبول کرنے پر مجبور ہوگئی۔
حماس نے 7 اکتوبر 2023 کو فلسطین پر سات دہائیوں سے جاری صہیونی قبضے کے خلاف انتقامی کاروائی کرتے ہوئے طوفان الاقصی آپریشن کیا تھا اور سینکڑوں صہیونیوں کو ہلاک اور سینکڑوں کو یرغمال بنایا تھا۔
طوفان الاقصی کے بعد صہیونی حکومت نے غزہ پر پوری قوت کے ساتھ حملہ کردیا تھا۔ نتن یاہو نے اعلان کیا تھا کہ حماس کی مکمل نابودی تک غزہ پر حملے جاری رہیں گے۔ حماس کی نابودی اور یرغمالیوں کی رہائی میں ناکامی کے بعد صہیونی حکومت جنگ بندی پر مجبور ہوگئی ہے۔
آپ کا تبصرہ