مہر نیوز رپورٹر کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی۔
انہوں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان موجود اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا اور دوطرفہ تعاون کے عمل میں تیزی آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عراق ایک اہم پڑوسی ملک اور اسلامی جمہوریہ ایران کا اسٹریٹجک پارٹنر ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اعلیٰ سطح پر جاری ہیں اور دوطرفہ تعاون کا دائرہ روز بروز بڑھ رہا ہے۔
صدر پزشکیان نے شام کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے ایران اور عراق کے مشترکہ خدشات کی طرف اشارہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ شام میں امن و استحکام کی بحالی، ارضی سالمیت کی حفاظت، دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں کا مقابلہ اور صیہونیوں کا انخلاء کا ہمارا مشترکہ موقف ہے اور خاص طور پر مقدس مقامات کی حفاظت اور عوام کے دینی جذبات کا احترام نہایت ضروری ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ شام میں دہشت گردوں کا دوبارہ فعال ہونا پڑوسی ممالک خاص طور ایران اور عراق کے لئے ایک چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لئے دونوں ممالک کو ماضی کی نسبت زیادہ تعاون کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان جامع تعاون اور سیکورٹی معاہدے کے مکمل نفاذ کا ایک بار پھر جائزہ لیا گیا۔
آپ کا تبصرہ